وزیراعلیٰ پنجاب کا مویشی منڈیوں میں آنیوالے افراد کی سکریننگ کا حکم

25 Jul, 2020 | 10:01 AM

Sughra Afzal

جیل روڈ(زاہدچودھری) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مویشی منڈیوں میں آنیوالے تمام افراد کی سکریننگ کا حکم دے دیا،وزیراعلیٰ کے حکم پرچیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے منڈیوں کے داخلی راستوں پر کورونا کاؤنٹر لگانے کی ہدایت کردی ہے۔

پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب ٹیسٹنگ پروٹوکول کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق منڈیوں میں داخل ہونے والے تمام بیوپاریوں، گاہکوں کی سکریننگ کی جائے گی، سکریننگ میں علامات ظاہر ہونے پر متعلقہ فرد کا سیمپل لے کر لیبارٹری بھجوایا جائے گا، کورونا کے نتائج آنے تک علامات والے شخص کو کورنٹین رہنے کی ہدایت کی جائے گی، ٹیسٹ رزلٹ مثبت آنے پر متاثرہ شخص کو ہسپتال یا گھروں میں مکمل قرنطینہ کر دیا جائے گا۔

 کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ سکریننگ کے بغیر منڈیوں میں داخلے پر مکمل پابندی عائد ہو گی، عوام سے گزارش ہے کہ رش اور کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے گھر کا ایک فرد ہی منڈی آئے۔

انہوں نے کہا کہ بکر منڈی میں خریداری کرتے ہوئے تمام قسم کی حفاظتی تدابیر اپنائی جائیں، وباء کو کنٹرول اور عوام کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، بکر منڈیوں میں آنیوالے تمام افراد کی سکریننگ کی جائے۔

واضح رہے کہ کورونا کے باعث شہر کی حدود سے باہر 12 مویشی منڈیاں لگائی گئی ہیں، 12 مویشی منڈیوں میں 13 لاکھ 34 ہزار چھوٹے جبکہ 3 لاکھ 15 ہزار بڑے جانوروں کی گنجائش ہے۔نشترزون کے زیرِ کنٹرول شہر کی سب سے بڑی منڈی ایل ڈی اے سٹی میں لگی ہے ،جو 6 ہزار 3 سو کنال اراضی پر مشتمل ہے، جہاں 7 لاکھ سے زائد جانوروں کی خریدوفروخت ہوسکے گی، مویشی منڈیوں میں ماسک کے بغیر خریداروں کا داخلہ ممنوع ہے، لاہو رسمیت پاکستان بھر میں یکم اگست کو عید قربان منائی جائے گی۔

مزیدخبریں