( زاہد چودھری ) کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں دل کے عارضہ میں مبتلا مریض کی ہلاکت پر مشتعل لواحقین کی توڑ پھوڑ، ڈاکٹرز اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا، ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔
55 سالہ مقصود نامی مریض کو ہارٹ اٹیک ہونے پر کوٹ خواجہ سعید ہسپتال لایا گیا، مریض کو ایمرجنسی میں داخل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا، مریض کی ہلاکت پر لواحقین مشتعل ہوگئے اور ایمرجنسی بلاک میں توڑ پھوڑ شروع کردی جبکہ ڈاکٹرز سمیت ڈیوٹی پر موجود سٹاف کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
توڑ پھوڑ سے ایمرجنسی کےشیشے ٹوٹ گئے اور طبی آلات کو بھی نقصان پہنچا جبکہ تشدد کی زد میں آنے والے ڈیوٹی ڈاکٹر عمیر کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ ہسپتال میں توڑ پھوڑ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور حالات کو معمول پر لایا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کی درخواست پر پولیس کی جانب سے توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔