ویب ڈیسک:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز پنجاب میں انقلابی اقدامات کر رہی ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ دوسرے صوبوں کے لوگ بھی مریم نواز کے کاموں کے معترف ہیں، پنجاب میں عملی اقدامات ہو رہے ہیں، کسان کارڈ سے پنجاب کے کاشتکاروں نے 50 فیصد یوریا استعمال کی، کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں نے 150 ارب روپے سے زائد زرعی مصنوعات خریدی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں گندم کی بوائی کی سیٹلائٹ کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، سیٹلائٹ تصاویر کا گندم کی فصل پک کر تیار ہونے پر تصاویر سے موازنہ کیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے کسانوں کیلئے زراعت دوست پالیسیوں کا اجراء کیا ہے،رمضان نگہبان پیکیج کیلئے رجسٹریشن کا عمل شروع ہوچکا ہے، تمام مستحق خاندانوں کو رمضان نگہبان پیکیج کے تحت ریلیف فراہم کیا جائے گا، مریم نواز عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پوری محنت اور لگن سے کام کر رہی ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں ہونہار سکالر شپ کے بعد طباء وطالبات کو ایک لاکھ سکوٹیز مہیا کی جائیں گی، مریم نواز بہت جلد طلبہ کو میرٹ پر جدید لیپ ٹاپ بھی دیں گی،عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو 190 ملین پاؤنڈ کی کرپشن پر سزا ہوئی، عمران خان کے مقبول ہونے کے دعوے عوام نے رد کر دیئے، عوام پی ٹی آئی والوں کے مکروہ چہرے پہچان چکے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اپنے صوبے کے عوام کا کچھ خیال نہیں ہے۔