ویب ڈیسک: ادارہ تحفظ ماحولیات لاہور کی ٹیم پر حملے میں ملوث فیکٹری مالکان اور ورکرز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے لاہور علی اعجاز کی درخواست پر درج ایف آئی آر کے مطابق پرل پیٹرو فیکٹری واقع 34 کلومیٹر مین فیروز پور روڈ لاہور کا معائنہ کیا گیا جہاں غیر قانونی طور پر کم موٹائی والے 25 سے 30 ٹن پولی تھین بیگز دو گاڑیوں میں لوڈ کیے جا رہے تھے۔
محکمہ کی ٹیم نے یہ مواد ضبط کرلیا جس پر فیکٹری کے جنرل منیجر اکرم نے مالک ملک منور کی ہدایت پر 200 سے 300 ورکرز کو بلا کر ٹیم پر حملہ کروایا۔
حملہ آوروں نے محکمہ کی ٹیم کو جان سے مارنے کی نیت سے زدوکوب کیا اور قبضے میں لیے گئے ٹرک واپس حاصل کرنے کی کوشش میں ٹیم پر چڑھانے کی کوشش کی جس سے عملے نے بڑی مشکل سے اپنی جان بچائی، واقعے کے تمام ویڈیو ثبوت موجود ہیں۔
فیکٹری انتظامیہ نے عملے کو گاڑیوں سمیت آدھے گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا اور ڈنڈوں کے ذریعے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ حملے کے دوران ٹیم کے ہمراہ موجود پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی کوشش بھی کی گئی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹیم کو ریسکیو کیا اور واقعے میں ملوث فیکٹری مالک، انتظامیہ اور ورکرز کے خلاف دفعات 186، 148/149، 440، 353/324، 506، 427 اور 425 کے تحت مقدمہ درج کرلیا، ای پی اے حکام نے فیکٹری کو سیل کردیا تھا تاہم آج ڈی جی ادارہ ماحولیات کی ہدایت پر فیکٹری کو ڈی سیل کردیا گیا ہے۔