شاہین عتیق:محبت کی شادی کرنیوالی لڑکی شوہر کو عدالت میں چھوڑ کر چلی گئی، شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے لڑکی ظل ہما کو عدالت میں پیش کیا۔
تفصیلات کےمطابق ایڈیشنل سیشن جج سیدنجف حیدر کاظمی کی عدالت لڑکی کو پیش کیا گیا، شوہر عبدالباسط کی جانب سے اہلیہ کو ماں باپ کی جانب سے حبس بے جا میں رکھنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے عبدالباسط سے شادی کی تھی ؟لڑکی نے بیان دیتے ہوئے کہا جی میں نے عبدالباسط سے شادی کی تھی ۔
کیا آپ شوہر کے ساتھ جانا چاہتی ہیں؟جی نہیں میں ماں باپ کے ساتھ رہنا چاہتی ہوں۔
شوہر کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ لڑکی ماں باپ کے دباؤ میں ہے اسے شوہر کے ساتھ بیٹھنے کا موقع دیا جائے۔
عدالت میں لڑکی نے شوہر کے ساتھ بات کرنے سے انکار کر دیا، بعد ازاں عدالت نے ظل ہما کے بیان پر اسے ماں باپ کے ساتھ جانے کی اجازت دیدی۔
لڑکی ماں کا بازو پکڑ کر عدالت سے پولیس سکیورٹی کے ہمراہ چلی گئی، شوہر عبدالباسط عدالت کے باہر کھڑا روتا رہا ،لڑکی والدین کے ساتھ روانہ ہوگئی۔