سال 2025 کا پہلا منکی پاکس کیس پشاورائیرپورٹ سے رپورٹ ہوگیا،دبئی سے آنے والے 35 سالہ شخص میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مشیر صحت خیبرپختونخوااحتشام علی نے کہاکہ پبلک ہیلتھ ٹیم نے مریض کو پولیس سروسز ہسپتال منتقل کردیا ہے، پولیس ہسپتال سے مریض کے نمونے پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب بھیجے گئے، لیب نے دبئی سے آنے والے 35 سالہ شخص میں ایم پاکس کی تصدیق کردی ہے۔
احتشام علی نے کہا کہ پشاورائیرپورٹ مینجر کو خط لکھ دیا ہےکہ مسافروں کی تفصیلات فراہم کی جائیں، معلومات ملتےہی متعلقہ ڈی ایچ اوزکو کنٹیکٹ ٹریسنگ کیلئے مطلع کیا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب تک ایم پاکس کے 10 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں،دوہزار تیرائیس میں دو، 2024 میں 7 جبکہ 2025 میں پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے،عوام سے التماس سے سماجی فاصلوں کو یقینی بناتے ہوئے محتاط رہیں۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے گزشتہ سال نومبر منکی پاکس یا ایم پاکس سے بچاؤ کے لیے دوسری ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی۔
ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صحت کے عالمی ادارے نے جاپان میں تیار کی جانے والی اور وہیں استعمال کی جانے والی ویکسین (LC16m8) کے استعمال کی منظوری دی تھی۔
مذکورہ ویکسین کو جاپان نے تیار کیا تھا اور دو سال قبل مذکورہ ویکسین کو وہاں مریضوں پر استعمال بھی کیا گیا تھا، جس کے نتائج حوصلہ کن آئے تھے۔
جاپان میں مذکورہ ویکسین کی کامیاب آزمائش کے بعد اسے دنیا بھر میں ہنگامی بنیادوں پر استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔