مسلم لیگ نون کے کارکن حقیقی جمہوریت کے لئے میرے ساتھ آئیں، بلاول بھٹو

25 Jan, 2024 | 11:35 PM

This browser does not support the video element.

This browser does not support the video element.

This browser does not support the video element.

سٹی42: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نےدوسری مرتبہ جلسہ عام میں مسلم لیگ نون کے سابق حامیوں کو اپنے ساتھ شامل ہو کر حقیقی جمہوریت کے لئے جدوجہد کرنے کی اپیل کر دی۔

گجرات  کے نواحی گاؤں کنگ چنن میں بہت بڑے جلسہ عام میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ جن کارکنوں نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگا کر ظلم برداشت کیا ان کی جماعت نے اپنا نظریہ چھوڑ دیا۔مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو  حقیقی جمہوریت چاہیے تو میرے ساتھ آ جائیں،  8 فروری کو تیر پر مہر لگائیں۔

چوتھی بار وزیر اعظم بننے کے لئے تیار لیکن منشور تیار نہیں

بلاول بھٹو نے نواز شریف پر تنقید کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا  کہ  کوئی تو وجہ ہے کہ شیر شکار کے لیے نہیں نکل رہا،شیر تو کہہ رہا ہے کہ کوئی اور اُن کے لیے شکار کرے تو بادشاہ سلامت بن کر وہ باہر آجائیں گے۔

یہ کیسی جماعت ہے جس کا لیڈرچوتھی بار وزیراعظم بننے کو تیار ہے لیکن منشور تیار نہیں ہے۔ ہمارے منشور کے دس نکات پر عمل ہوا تو ملک کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔

دوگنا آمدن، 300 یونٹ سولر بجلی، 30 لاکھ گھر

بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ سے وعدہ ہے کہ پاکستان کے عوام کی آمدنی کو دگنا کریں گے، دوسرا وعدہ آپ کو 300 یونٹ تک سولر بجلی مفت دیں گے، آپ سے تیسرا وعدہ ہے کہ ہم غریبوں کو 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے۔

پنجاب میں پیپلز پارٹی کے چرچے

 بلاول بھٹو نے کہا کہ  پنجاب کے جیالوں نے اس الیکشن میں کمال کر دیا ہے، جو کہتے تھے پیپلزپارٹی پنجاب میں موجود نہیں، آج کل وہ دن رات پیپلزپارٹی کی باتیں کر رہے ہیں، اگر کوئی جماعت الیکشن مہم چلا رہی ہے تو وہ پی پی ہے۔ہم نے خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے دورے کیے، ہمارے مخالف تو گھروں سے باہر ہی نہیں نکل رہے۔

خواتین کی خدمت

بلاول بھتو نے مزید کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر کی خواتین کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، پہلے ہم نے خواتین کیلئے بے نظیر کارڈ دیا،اب کسانوں کو کسان کارڈ دیں گے،مزدوروں کے لیے ہم بے نظیر مزدور کارڈ لے کر آئیں گے،  مزدوروں کو صرف اپنی مزدوری کی فکر کرنا ہوگی باقی مسائل ہم حل کریں گے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نےصحت کے شعبے میں سندھ میں وہ کام کیا جو یہ تین بار وزیراعظم بن کر نہیں کرسکے، گردوں اور جگر کے علاج کیلئے پہلے بھارت جانا پڑتا تھا اب سندھ میں علاج ہو رہا ہے،

انہوں نے  پی ٹی آئی کارکنوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ اگر میاں صاحب کو وزیراعظم بننے سے روکنا ہے تو انہیں تیر پر ٹھپا لگانا ہوگا، 8 فروری کو ان کا بندوبست کر کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس واپس بھجوائیں گے۔

تمام سیاسی کارکن رہا کروں گا

اس کے علاوہ بلاول نے الیکشن میں کامیابی کی صورت میں اپنا پہلا حکم بھی بتادیا، انہوں نے تمام سیاسی کارکنوں کو رہا کرنے اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کا اعلان کر دیا۔بلاول نے کہا کہ میرے لیے یہ حرام ہوگا کہ اپنے مخالف کی بیٹیوں اور اہل خانہ کو جیل میں ڈالوں،میں دہشت گردی کا مقابلہ، خارجہ سطح پر پاکستان کی عزت بحال کروں گا، میں وزیراعظم بنا تو پاکستان کے نوجوان جاپان سے امریکا تک نوکریاں کریں گے، 16 ماہ میں بحیثیت وزیرخارجہ میں نے دنیا دیکھی کہ کام کیسے کیا جاتا ہے۔

اعتزاز احسن کی بلاول بھٹو سے ملاقات

کنگ چنن کے جلسہ عام مین پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئیر کارکن بیرسٹر اعتزاز احسن نے بھی بلاول بھتو سے ملاقات کی۔ وہ کچھ دیر سٹیج پر بلاول بھٹو کے ساتھ رہے اور اور ان سے بات چیت کرتے رہے۔

مزیدخبریں