ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کروانے کی درخواست خارج کر دی گئی۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل معظم علی خان کی جانب سے دائر کردہ درخواست خارج کر دی، جس کا تحریری فیصلہ بعد میں جاری کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں پختونخوا میں ہونے والے انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کروانے کی استدعا کی گئی تھی۔ پی ٹی آئی وکیل معظم علی خان نے دائر کردہ درخواست میں استدعا کی تھی کہ تحریک انصاف کو الیکشن کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا نہیں کی جا رہی، ہمیں الیکشن کمیشن، آر اوز، ڈی آر اوز اور بیوروکریسی پر اعتماد نہیں ہے۔ موجودہ بیوروکریسی کے زیر انتظام ممکنہ طور پر شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ جوڈیشل لا افسران کی نگرانی میں انتخابات کروائے جائے۔
پشاور ہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعد پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔