فواد چودھری کو کیوں گرفتار کیا گیا؟ وجوہات سامنے آگئیں

25 Jan, 2023 | 08:53 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) رات دیر گئے گرفتار ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کے خلاف مقدمے کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کو اسلام آباد پولیس نے لاہور سے رات دیر گئے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ان کی رہائش گاہ سےگرفتار کیا تھا اور اب اطلاعات ہیں کہ اسلام آباد پولیس فواد چودھری کو موٹر وے کے ذریعے لیکر اسلام آباد روانہ ہو گئی ہے۔

فواد چودھری کے خلاف درج مقدمے کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں، پی ٹی آئی رہنما کے خلاف مقدمہ گزشتہ رات تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا تھا اور فواد چوہدری کے خلاف کارروائی سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی درخواست پر کی گئی۔

ایف آئی آر کے مطابق فواد چودھری نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کی حیثیت ایک منشی کی ہو گئی ہے، جو لوگ نگران حکومت میں لگ رہے ہیں ان کا سزا ہونے تک پیچھا کریں گے، حکومت میں شامل لوگوں کو ان کے گھروں تک چھوڑ کر آئیں گے۔ فواد چودھری نے الیکشن کمیشن، ان کے ممبران اور ان کے خاندانوں کو بھی خبردار کیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے فواد چودھری کی گرفتاری کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات ڈھائی بجے عمران خان کی لاہور سے گرفتاری کی تیاریوں کا دعویٰ کیا گیا تھا جس پر فواد چودھری سمیت دیگر رہنما اور کارکن زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہو گئے تھے، فواد چودھری نے اس موقع پر بھی خبردار کیا تھا کہ جو پیچھے سےکٹھ پتلیوں کو نچا رہے ہیں وہ ہوش کے ناخن لیں، عمران خان کو گرفتار کرنا ملک کو توڑنے کی سازش ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا پولیس کو دعوت دیتا ہوں کہ ہمت ہے تو عمران خان کو گرفتار کرے، پورےپاکستان میں احتجاج ہو گا، تمام شہروں کو لاک ڈاؤن کریں گے۔

 

مزیدخبریں