گیس ، پیٹرول مہنگا،پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرادی

25 Jan, 2023 | 08:04 AM

ویب ڈیسک: پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کو یقین دہانی کرائی ہےکہ ملک میں جلد ہی گیس مہنگی کردیں گے، پیٹرول لیوی بھی بڑھا رہے ہیں۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اور  آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات  ہوئے جس میں پاکستان کی طرف سے سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ کی سربراہی میں وفد نے مذاکرات کیے، آئی ایم ایف کی طرف سے مشن چیف ناتھن پورٹر مذاکرات میں شریک ہوئے۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہےکہ پاکستانی وفد نے معاشی صورت حال  کے بارے میں بریفنگ دی، پاکستان نے رواں سال کے لیے مقررہ کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف مکمل کرنےکی یقین دہانی کرائی اور آئی ایم ایف کو سیلاب سے متعلقہ منصوبوں پر اٹھنے والے اخراجات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد نےگیس کی قیمتوں میں جلد اضافےکے فیصلے سے بھی آگاہ کیا، وفد نے بتایا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ یکم جولائی 2022 سے ہوگا، گیس کی قیمتوں میں اضافےکی منظوری جلد ہی کابینہ دےگی، گیس کے شعبےکا گردشی قرض بھی ختم کیا جارہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بھی  مرحلہ وار بڑھائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ پاکستان روپےکی قدر میں کمی کو مصنوعی طریقے سے نہ روکے، بجلی پر سبسڈی بھی ختم کی جائے، ٹیکس کا جی ڈی پی تناسب بڑھانےکے لیے اقدامات کیے جائیں، مختلف شعبوں کو دیے گئے استثنیٰ بھی ختم کیے جائیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے پروگرام بحال کرنے پر اصرارکیا ہے۔

مزیدخبریں