ویب ڈیسک: برطانیہ نے ویکسین شدہ افراد کے لیے سفر سے قبل کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی شرط ختم کردی۔ آج سے برطانیہ کو آزاد کررہے ہیں، برطانوی وزیر ٹرانسپورٹ کا اعلان۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی ٹرانسپورٹ سیکرٹری گرانٹ شاپس نے کہا ہے کہ ویکسین شدہ افراد کے لیے ٹیسٹ کروانے کی شرط ختم ہونے کا اطلاق 11 فروری سے ہوگا، جس وقت سکول کے بچوں کی مڈ ٹرم کی چھٹیوں کا آغاز ہوتا ہے۔ ویکسی نیٹڈ مسافروں کے لیے بارڈر ٹیسٹنگ کی اب ضرورت نہیں ہے۔ آج ہم برطانیہ کو آزاد کر رہے ہیں۔
دوسری طرف وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے برطانیہ میں تجارت اور سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، اب قوانین میں تبدیل دیکھیں گے تاکہ آنے والوں کو ویکسی نیٹڈ ہونے پر ٹیسٹ نہ کروانا پڑے۔ یاد رہے برطانیہ ماسک اور دیگر پابندیاں بھی رواں ہفتے ختم کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ ٹیسٹنگ کی شرط ویکسین شدہ افراد اور 18 سال کے کم عمر بچوں کے لیے ختم کی جارہی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی پابندیوں کے اعلان کے تقریباً دو سال بعد، آج کے اعلان نے بین الاقوامی سفر کو مکمل طور پر ویکسین شدہ افراد کے لیے معمول سے قریب کردیا ہے۔
اس وقت وہ مسافر جنہوں نے ویکسین کی کم از کم دو خوراکیں لگوائی ہیں، ان کے لیے برطانیہ پہنچنے کے دو روز کے اندر اندر کورونا وائرس کی ٹیسٹ کروانا لازمی ہے۔ غیر ویکسین شدہ افراد کے لیے ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کی شرائط مزید سخت ہیں۔