سٹی 42:مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کے لئے رابطے کر رہی ہے لیکن اسے این آر او نہیں دیں گے۔حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر مریم نواز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پارلیمانی پارٹی کے لئے میاں نواز شریف کا خاص پیغام لائی ہوں جو یہ ہے کہ حکومت مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ اپوزیشن کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، اپوزیشن پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مناسب وقت پر پارلیمنٹ سے استعفوں کا آپشن استعمال کرے گی۔ آج ملک میں عوام کا برا حال ہے، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں کہاں پہنچ چکی ہیں، جو حال آج ملک کا ہے وہ آپ کے سامنے ہے، میڈیا کو بھی پریشر میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے سختی سے منع کیا ہے ، حکومت اپنے پروڈکشن آرڈر اپنے پاس ہی رکھے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہے حکومت کے ساتھ کوئی بات نہیں کرنی ۔ اپوزیشن کی یہ منتیں کرنے آئے تھے لیکن اب اپوزیشن کوئی تعاون نہیں کرے گی۔ارکان کی وفاداری بدلنے کی مبینہ حکومتی کوششوں سے متعلق سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کے ارکان سے جتنے بھی رابطے کریں انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ن لیگ محفوظ ہے ن لیگ کے ٹکٹ کے لئے پورا پاکستان درخواست دے گا اور ان کے ٹکٹ کے لئے کوئی اپلائی نہیں کرے گا۔