قذافی بٹ :گورنر پنجاب چودھری محمدسرورے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت گرانے کی خواہش ان کے دل میں ہی رہ جائے گی۔ہر محاذ پر ناکامی کے بعد پی ڈی ایم اب محفوظ راستے کی تلاش میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق چودھری سرور سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کی۔ اس دوران گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ اپوزیشن اپنی تسلی کر لےکہ عمران خان ہی 2023 تک وزیر اعظم ہیں۔ عوام منتخب حکومت گرانے کی خواہش رکھنے والوں کے ساتھ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم دیکھے گی سینٹ انتخابات میں بھی تحریک انصاف جیتے گی۔
دوسری جانب وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ حکومت عام آدمی کے مسائل حل کر نے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پر قوم کو مکمل اعتماد ہے، اپوزیشن کے عزائم ناکام ہوں گے۔
یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ دسمبر گزر گیا جنوری کا آخری ہفتہ بھی آ گیا۔ اپوزیشن ارکان کے استعفے آئے نہ لانگ مارچ ہوا۔ فروری اورمارچ بھی آئیں گے اورگزرجائیں گے۔پی ڈی ایم کا مریل گھوڑا مردہ ہوچکا ہے۔ مولانا اب اس غیر فطری اتحاد کا جنازہ پڑھانے کی تیاری کریں۔ پی ڈی ایم کی تحریک عدم اعتماد پھر بھی نہیں آئے گی یہ کاغذی شیر ہیں۔ تھوک کا چاٹنا ان کی گھٹی میں پڑا ہے۔ جعلی راجکماری، شہزادے اور مولانا میں جوتیوں میں دال بٹنا شروع ہوچکی ہے پہلے ہی کہا تھا اس ناجائز اتحاد کی بیل منڈھے نہیں چڑھے گی۔سندھ کے شہزادے نے اپنی چال چل دی ہے۔ جعلی راجکماری بھی آس لگائے بیٹھی ہیں۔ مولانا سے جو کچھ ہوا وہ ہونا ہی تھا جن لوگوں نے کورونا کے دوران عوام کی زندگیوں کی پرواہ نہیں کی اب و ہ خود نشان عبرت بن چکے ہیں۔