سٹی 42 :اس سا ل کا آغاز واٹس ایپ کے لیے کچھ اچھا ثابت نہیں ہوا اور نئی پرائیویسی پالیسی نے اس میسجنگ ایپلیکشن کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا۔
تفصیلا ت کے مطا بق واٹس ایپ کے متعدد صارفین نے متبادل جیسے سگنل اور ٹیلیگرام کا رخ کرلیا جبکہ فیس بک کی زیرملکیت ایپ کو لوگوں کو اس بات پر قائل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے کہ ان کی پرائیویٹ چیٹ بدستور محفوظ ہے۔تاہم واٹس ایپ صارفین کو جلد اس سال کی پہلی اچھی خبر ملنے والی ہے۔
اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo نے بتایا کہ واٹس ایپ بیٹا میں ویب ورژن میں کال کا فیچر مزید صارفین کو دستیاب ہے۔رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کی تیاری پر کام جاری ہے اور اسی وجہ سے یہ تمام صارفین کو ویب اور ڈیسک ٹاپ ورژن میں دستیاب نہیں۔تاہم اس نئی پیشرفت سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ فیچر بہت جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
یہ فیچر ان صارفین کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا جو واٹس ایپ کے ویب ورژن کو زیادہ استعمال کرتے ہیں۔اس سے قبل اکتوبر 2020 میں اس حوالے سے رپورٹ سامنے آئی تھی۔اس وقت WABetaInfo نے واٹس ایپ ویب میں وائس اور ویڈیو کالنگ کے آپشن کے اسکرین شاٹس شیئر کیے تھے جو حالیہ اسکرین شاٹ سے ملتے جلتے تھے۔اس فیچر میں جب واٹس ایپ ویب پر کال کی جائے گی تو ایک پوپ اپ ونڈو نظر آئے گی جس پر یوزر نیم، پروفائل کی تصویر اور کال، ویڈیو/آڈیو اور میوٹ بٹنز ہوں گے۔