(سٹی 42)پاکستان نےدوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی بنگلہ دیش کوہرادیا،پاکستان ایک سال بعد پہلی سیریزجیت گیا،نمبرون پوزیشن برقراررکھنے کے لئے ایک میچ اورجیتناہوگا۔
پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف 3 میچوں کی سیریزمیں0-2سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، پاکستان اس سے پہلے ایک سال میں مسلسل چار سیریز ہارا، جس کی وجہ سے اس کی رینکنگ پر برا اثر پڑا، اب اپنی نمبر ون رینکنگ کو مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کو ایک اور میچ جیتنا ہو گا۔
بنگلہ دیش نے پاکستان کو 137رنزکاہدف دیا، جسے پاکستان نےایک وکٹ پرپوراکرلیا، محمدحفیظ نے67 اور کپتان بابراعظم نے 66 رنز بنائے۔ محمد حسنین کے 2،شاداب،حارث اورشاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک شکار کیا۔
بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی۔ بنگال ٹائیگر کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے اننگز کا آغاز کیا مگر محمد نعیم بڑا سکور نہ بناسکے اور بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے، انہیں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
بنگال ٹائیگر کی دوسری وکٹ 22 رنز کے سکور پر گری، مہدی حسن 9 رنز بناکر ہی ہمت ہار بیٹھے، بنگالی بلے باز محمد حسنین کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔تمیم اقبال اور لٹن داس نے تیسری وکٹ میں 21 رنز کی شراکت قائم کی، مگر لٹن داس بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 8 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کی جانب سے تمیم اقبال نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 65 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز مایوس کن تھا، بابر اعظم اور احسان علی نے اننگز کا آغاز کیا تو نوجوان بیٹسمین احسان علی سات گیندوں کھیلنے کے بعد صفر پر شفیع الاسلام کی گیند پر حریف کپتان محمود اللہ کو کیچ دے بیٹھے۔
بابر اعظم اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں اچھی اننگز کھیلی، حفیظ نے 39 گیندوں پر ففٹی بنائی جبکہ کپتان نے 35 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ پاکستان نے مقررہ ہدف 17 اوور میں حاصل کرلیا۔ شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر بابر اعظم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
واضح رہے سیریز کا آخری میچ 27 جنوری کو کھیلا جائے گا۔