لاہور پولیس نے صدر مملکت کی آنکھوں میں دھول جھونک دی

25 Jan, 2020 | 04:26 PM

Sughra Afzal

(شہزاد خان) لاہور پولیس نے اعلیٰ افسران کے بعد صدرمملکت عارف علوی کی آنکھوں میں بھی دھول جھونک دی، صدر مملکت کو "سب اچھا "کی رپورٹ دینے کیلئے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کو یوٹیلیٹی سٹور پر سامان سے بھری ٹرالیاں پکڑا دیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے مزنگ اڈہ کے علاقے میں واقع یوٹیلیٹی سٹور کے دورے پر لاہور پولیس نے اپنے ہی سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کو گاہک بناکر سامان سے بھری ہوئی ٹرالیاں پکڑا دیں، صدر مملکت سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کو عام گاہک سمجھ کر اشیائے ضروریہ کا معیار اور قیمتوں سے متعلق استفسار کرتے رہے، گاہک بنے اہلکار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سب اچھا کی رپورٹ دیتے رہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے یوٹیلیٹی سٹور مزنگ سے واپس جاتے ہی سادہ کپڑوں میں ملبوس گاہک بنے پولیس اہلکار سامان سے بھری ٹرالیاں وہیں چھوڑ کر چلے گئے۔

اس معاملے پر یوٹیلیٹی سٹورز انتظامیہ نے موقف دینے سے انکار کردیا، تاہم انہوں نے واقعے کی تردید بھی نہیں کی۔

مزیدخبریں