(راؤ دلشاد) لاہور شہر میں مزید 195 نیبر ہوڈ کونسلز بنانے کا فیصلہ، لاہور میں نیبر ہوڈ کونسلز کی تعداد 280 سے بڑھا کر 475 ہوجائے گی، سیکرٹری بلدیات پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے رواں سال کو بلدیاتی الیکشن کا سال قرار دے دیا۔
سیکرٹری بلدیات پنجاب ڈاکٹراحمد قاضی نے سٹی42سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے ذریعے نیبر ہوڈ کونسلز کی تعداد بڑھائی جائے گی، بلدیاتی انتخابات کب ہونگے کے سوال پر سیکرٹری بلدیات بولے وزیراعلیٰ پنجاب کی تشکیل کردہ کیبنٹ کمیٹی اور الیکشن کمیشن کی جلد میٹنگ ہوگی، جس کے بعد الیکشن کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا، تاہم رواں سال بلدیاتی الیکشن ہو کر رہیں گے۔
ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ محکمہ بلدیات کی طرف سے نیبر ہوڈ کونسلز اور ویلج پنچایت کونسلز کی حلقہ بندیوں کے لیے رولز الیکشن کمیشن کو ارسال کرچکے ہیں، نئے چیف الیکشن کمشنر بھی آچکے ہیں اب جلد حلقہ بندیوں پر کام مکمل ہو جائے گا۔
سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے ایوان کے ممبرز کی تعداد نہیں بڑھائی گئی تاہم ملتان میں نیبر ہوڈ کونسلز کی تعداد 95 سے بڑھا کر 105 کردی گئی ہے۔
ادھیر پاکستان ایڈ منسٹریٹو سروس کے 46 ویں کامن کے 48 رکنی وفد کو لوکل گورنمنٹ ایکٹ پر بریفنگ میں سیکرٹری بلدیات نے بتایا کہ 1960ء سے 2019ء تک پانچ مرتبہ لوکل گورنمنٹ قوانین میں تبدیلی کی گئی، موجودہ گورنمنٹ ایکٹ کے تحت اربن لوکل گورنمنٹ اور رورل گورنمنٹ وجود میں آئے گی۔
سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ نئے بلدیاتی ایکٹ کے مطابق5 میٹرو پولیٹن کارپوریشنز، 136 تحصیل کونسلز، 182 میونسپل کمپنیز سمیت 455 لوکل گورنمنٹس وجود میں آچکی ہے، شہری اور دیہی علاقوں کی حلقہ بندی کی جاچکی ہے حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن کام کررہا ہے۔