(منیر باجوہ) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں ریٹائرڈ سیشن ججوں کو خصوصی اور جوڈیشل الاؤنسز دینے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے ریٹائرڈ سیشن جج جاوید رشید محبوبی سمیت دیگر کی درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ درخواست گزار ججوں نے موقف اختیار کر رکھا تھا کہ صوبہ سندھ میں ایکس کیڈر پوسٹوں پر تعینات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کوعدالتی الاؤنس اورخصوصی الاؤنس دیا جا رہا ہے۔
پنجاب میں درخواست گزار سمیت تمام ریٹائرڈ سیشن ججوں کو دونوں الاؤنسز سے محروم رکھا گیا ہے جو آئین کے تحت امتیازی سلوک ہے۔
درخواست گزاروں کو بھی عدالتی اور خصوصی الائونسز دینے کا حکم دیا جائے۔ عدالتی معاون نے بتایا کہ خصوصی عدالتوں اور ٹرببیونلز میں کام کرنے والے حاضر سروس سیشن ججز کو یہ الاؤنسز فراہم کئے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ جس کا آج عدالت ن ے فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب میں ریٹائرڈ سیشن ججوں کو خصوصی اور جوڈیشل الاؤنسز دینے کا حکم دے دیا۔