سٹی42: لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پشاور زلمی کے ساتھ کروشیل میچ کےآخری اوور میں لاہور قلندرز کو 8 رنز سے شکست ہو گئی۔ یہ میچ جیت کر پشاور زلمی پی ایس ایل نائن کے پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس حاصل کر کے چوتھی پوزیشن پر آ گئی ہے۔
آخری اوور میں لاہور قلندرز کو جیتنے کے لئے چھ گیندوں سے 18 رنز بنانا تھے۔ ڈوسن اور جہانداد وکٹ پر تھے، زلمی کا آخری اوور والٹر نے کیا۔ ان کے اوور کی دو گیندوں پر سنگلز بنیں اور تیسری گیند پر جہانداد خان لانگ آن باؤنڈری پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ چوتھی گیند پر سکندر رضا ڈوسن کو سامنے لانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔ بریتھ ویٹ والٹر کی پانچویں گیند پر رن نہ بنا سکے، آخری گیند پر انہوں نے چھکا مار کر قلندرز کا مجموعہ 203 تک پہنچا دیا اور قلندرز یہ میچ 8 رنز سے ہار گئے۔
قلندر کے بدیسی ھیرو کی یادگار اننگ
قلندرز کے بدیسی ھیرو ڈوسن نےمیچ کے 19 ویں اوور میں 50 گیندوں سے 102 رنز بنا ڈالے۔ انہوں نے 96 رنز پر چھکا لگا کر سینچری مکمل کی۔ ریسی وین ڈر ڈوسن 104 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 52 گیندوں میں 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے یہ مجموعہ بنایا۔
اس سے پہلے 17 ویں اوور میں لاہور قلندرز کی چوتھی وکٹ گر گئی تھی۔ احسن بھٹی 20 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کی جگہ جہانداد خان آئے ہیں جنہوں نے3 چوکے مار کر 12 رنز بنا لئے ہیں۔ قلندرز نے 178 رنز بنائے ہیں۔ ڈوسن نے 45 گیندوں سے 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے88 رنز بنا لئے ہیں تاہم جیت سے قلندرز کا فاصلہ بدستور بڑھتا جا رہا ہے۔ آخری دو اووروں میں میں قلندرز کو 34 رنز بنانا تھے۔ ڈوسن نے لوک وڈ کو ایک چوکا اور ایک چھکا مارا اور تین گیندوں پر دو دو رنز بنا کر خیرت ناک طریقہ سے 16 رنز سکور کئے۔
زلمی کے ساتھ میچ میں 13 کا ہندسہ لاہور قلندرز کے لئے تباہ کن ثابت ہوا، 13 ویں اوور میں ہوپ سلمان ارشاد کی گیند پر بولڈ ہو کر قلندرز کی جیت کی امید بھی ساتھ لے گئے۔ ہوپ نے 23 گیندوں سے 29 رنز بنائے۔ ہوپ وینڈر کے ساتھ مل کر درکار رن ریٹ حاصل کرنے کی سرتوڑ کوشش کر رہے تھے۔ ان کے جانے سے درکار رن ریٹ بڑھ کر 14 تک پہنچ گیا ہے۔ 13 اووروں کے اختتام پر قلندرز نے 116 رنز بنائے تھے۔
قبل ازیں گیارھویں اوور میں لاہور قلندرز کے ریسی وین ڈر ڈوسن نے چھکا مار کر پشاور زلمی کے خلاف ففٹی مکمل کر لی۔ گیارہ اووروں کے اختتام پر لاہور قلندرز کے 102 رنز ہو گئے۔
لاہور قلندرز کے دونوں اوپنر تیسرے اور پانچویں اوور میں پویلین سدھار گئے تھے۔ پاور پلے کے 5 اووروں میں لاہور قلندرز صرف 40 رنز بنا پائی۔ ٹاپ بیٹر صاحبزادہ فرحان 12 گیندوں سے 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد 8 گیندوں سے 4 رنز بنا کر رخصت ہو گئے۔تاہم چھٹے اوور میں ڈوسن نے قلندرز کو سنبھالا دینے کی کوشش میں 16 رنز کا اوور کھیلا ۔
پشاور زلمی کی باؤلنگ
پشاور زلمی کے باؤلرز مین سب سے زیادہ نوین الحق کو 4 اووروں میں 50 رنز پڑے، لوک ووڈ نے 4 اووروں میں 46 اور پال والٹر نے 41 رنز دیئے۔ سلمان ارژاد کو 39 اور عارف یعقوب کو 21 رنز پڑے، صائم ایوب نے ایک اوور کیا انہیں 3 رنز پڑے ۔ نوین الحق کو دو اور والٹر، سلمان ارشاد، لوک ووڈ کو ایک ایک وکٹ ملی۔
آٹھ وائیڈ گیندیں
پشاور زلمی کے باؤلروں نے آج 20 اووروں میں 8 وائیڈ گیندیں کیں۔
پشاور زلمی کی بیٹنگ
پشاور زلمی نے 20 اووروں میں چار وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے جن میں ٹاپ سکور صائم ایوب کا تھا جنہوں نے 88 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 48، پاویل نے 46، آصف نے 12 رنز بنائے۔ زلمی کی پہلی وکٹ 136 رنز پر گری تھی۔ زلمی کا اس میچ میں سکور پی ایس ایل نائن میں اب تک سب سے بڑا سکور ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پشاور زلمی کے آخری اوور میں روومین پاویل اپنی ففٹمی مکمل کرنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو ئے۔ انہوں نے انتہائی برق رفتار سے 20 گیندوں میں 46 رنز بنائے جن میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
18ویں اوور میں شاہین آفریدی کو دو وکٹیں ملیں
زلمی کی تیسری وکٹ 18 ویں اوور میں گری تھی۔ آصف علی شاہین آفریدی کو ایک کے بعد دوسرا چھکا مارنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو ئے۔ اس سے پہلے اسی اوور میں اوپنر صائم ایوب 55 گیندوں سے 88 رنز بنا کر سینچری سے چند قدم دوری پر ایک اور باؤونڈری کھیلنے کی کوشش میں کلین بولڈ ہو گئے تھے۔ صائم کی وکٹ گرنے سے لاہور قلندرز کی حالت میں کوئی افاقہ نہیں ہوا، آصف علی نے آتے ہی چھکا مار دیا۔ تاہم تیسری گیند پر وہ کیچ پکڑا بیٹھے۔ لیکن آصف کو آؤٹ کر کے بھی لاہور قلندرز کی بپتا نہیں ٹلی، محمد حارث نے بھی آتے ہی قلندرز کی پٹائی میں اپنا حصہ ڈالنا شروع کر دیا۔ محمد حارث نے ایک چھکے اور چوکے کی مدد سے 5 گیندوں سے 12 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ واپس گئے۔ ان کے ساتھ پال والٹر 2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
زلمی کے اوپنرز نے 14 اوورز تک مسلسل لاہور قلندرز کے سات باؤلروں کی یکے بعد دیگرے پٹائی کر ڈالی تاہم 15 ویں اوور کی دوسری گیند پر کپتان بابر اعظم ایک اور باؤنڈری کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کی ففٹی دو رنز سے رہ گئی۔ بابر اعظم کے بعد روومین پاویل نے صرف10 گیندوں سے 29رنز بنا ڈالے۔ پاویل نے 3 چوکے اور 2 چھکے مارے ہیں۔ 16 اوورز کے اخترتام پر زلمی کا مجموعہ 165 تھا۔
آج زلمی کے ساتھ میچ میں قلندرز کے کپتان باؤلر بدل بدل کر نڈھال ہو گئے۔ آج شامل کئے گئے کارلوس بریتھ ویٹ اور محمد عمران بھی کپتان بابر اور صائم سے پٹنے والوں میں شامل ہیں۔ 13 اووروں کے اختتام پر زلمی نے کوئی وکٹ گنوائے بغیر 120 بنا لئے تھے جن میں سے 67 صائم کے اور 47 بابر اعظم کے تھے۔
زلمی کے پہلے سو رنز
پشاور زلمی نےپہلے سو رنز گیارھویں اوور میں بنا لئے اور صائم ایوب نے 36 گیندوں سے ففٹی بھی مکمل کر لی۔ صائم ایوب اور بابر اعظم کی 11 اووروں اور سو رنز کی شاندار پارٹنر شپ میں اب تک 10 چوکے اور 2 چھکے لگ چکے ہیں۔
آج پی ایس ایل نائن 12 ویں میچ میں قلندرز کے کپتان کا ٹاس جیت کر بیٹنگ بابر الیون کو دینے کا فیصلہ بظاہر پشاور زلمی کے لئے برکت کا باعث ثابت ہوا۔ زلمی کے صائم ایوب نے کھیل کا آغاز تیسری بال پر شاہین آفریدی کو چوکا مار کر کیا۔ تین اووروں میں زلمی نے 29 رنز بنائے۔ صائم ایوب نے 3 چوکوں کی مدد سے 14 گیندوں سے 18 رنز کئے ہیں اور کپتان نے 4 چوکوں کی مدد سے 12 گیندوں سے 23رنز بنائے ہیں۔ پشاور زلمی کا مجموعہ 43 ہو چکا ہے اور رن ریٹ 10 کے قریب ہے۔
لاہور قلندرز کی باؤلنگ
آج میچ میں لاہور قلندرز نے سات باؤلرز کے ساتھ 20 اوور پورے کئے۔ تین وکٹیں شاہین آفریدی کو ملیں اور ایک وکٹ جہانداد خان کے حصے میں آئی۔ باقی پانچ باؤلرز کو کوئی وکٹ نہیں ملی۔ سب سے زیادہ رنز محمد عمران، زمان خان، جہانداد خان، احسن بھٹی اور سکندر رضا کو پڑے۔ شاہین آفریدی اور کارلوس بریتھ ویٹ سوا آٹھ اور آتھ رنز فی اوور کی اکانومی برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے۔
سات وائیڈ گیندیں
لاہور قلندرز کے باؤلروں نے 20 اووروں میں وائیڈ گیندیں کر کے پشاور زلمی کے مجموعے میں 7 رنز کا اضافہ کیا۔ وائیڈ گیندیں کرنے والوں میں کپتان شاہین آفریدی سر فہرست تھے جنہوں نے پہلی وائیڈ بال پہلے اوور میں پھینک کر زلمی کو پہلے رن کا تحفہ دیا۔
ٹاس لاہور قلندرز نے جیتا
پی ایس ایل نائن کے گیارھویں میچ میں دفاعی چیمپئین لاہور قلندرز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہیں۔ میچ کا ٹاس لاہور قلندرز کے کپتان نے جیتا اور ٹاس جیت کر پشاور زلمی سے بیٹنگ کروانے کا فیصلہ کیا ۔
لاہور قلندرز کی ٹیم میں آج حارث سہیل نہیں ہیں
لاہور قلندر میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ حارث سہیل کل شب کراچی کنگز کے ساتھ میچ میں ایک خطرناک کیچ پکڑتے ہوئے کندھا زخمی ہونے کے سبب میچ کھیلنے کے قابل نہیں رہے۔ جارج ایل بھی انجری کی وجہ سے آج کا میچ نہیں کھیل رہے۔ ان دونوں کی جگہ آج محمد عمران اور کارلوس بریتھ ویٹ کو لاہور قلندر کی ٹیم میں شامل کیا گیا۔
پشاور زلمی کی ٹیم
پشاور زلمی نے آج بھی گزشتہ میچوں والی کمپوزیشن کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ اوپننگ صائم ایوب اور بابر اعظم کریں گے۔ محمد حارث ، حسیب اللہ خان، روومین پاویل، آصف علی، پال والٹر، لوک ووڈ، نوین الحق، عارف یعقوب اور سلمان ارشاد پشاور زلمی کی پواینٹس ٹیبل پر پوزیشن بہتر بنانے کے لئے کوشش کریں گے۔
پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی پوزیشن
پی ایس ایل نائن کے پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز اور پشاور زلمی سب سے نیچے ہیں۔ لاہور قلندرز ابھی تک لیگ میں کوئی میچ نہیں جیت سکی۔ اس کا نیٹ رن ریٹ مائنس 0.557 ہے۔
پشاور زلمی ایک کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر 2 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔ پشاور زلمی کا نیٹ رن ریٹ مائنس 0.732 ہے۔
پشاور زلمی کی جیت کے بعد میچ کے بعد پی ایس ایل نائن پوائنٹس ٹیبل
لاہور قلندر سے اپنا میچ جیت کر پشاور زلمی پی ایس ایل نائن پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آ گئی ہے۔ اس وقت زلمی کا نیٹ رن ریٹ مائنس 0.456 ہے۔