لاہور قلندرز کے حارث رؤف کیچ پکڑنے میں کامیاب، کندھا بچانے میں ناکام ہو گئے

25 Feb, 2024 | 02:12 AM

سٹی42:  پاکستان سپر لیگ میں مسلسل چار میچ ہارنے والی دفاعی چیمپئین لاہور قلندرز کے کراچی کنگز کے ساتھ میچ کے آخری لمحات میں میچ کے بہترین باؤلر کو  پی ایس ایل 9  کی بدترین چوٹ لگ گئی۔

کراچی کنگز کی بیٹنگ کے 20 ویں اوور کی 5 ویں گیند پر حارث رؤف احسن حفیظ کی بال پر حسن علی کا کیچ پکڑنے کے بعد کندھے کے بل زمین پر گرے تھے۔ اس کیچ سے حسن علی آؤٹ ہو گئے اور میچ ٹائی ہو جانے کا حقیقی امکان پیدا ہو گیا تھا تاہم اس کیچ کے لئے حارث رؤف کو انتہائی خطرناک ڈائیو کرنا پڑی جس سے ان کے کندھے میں انجری ہو گئی۔

لاہور قلندرز کی میڈیکل ٹیم نے طبی معائنہ کیا،  کندھے کے سکین بھی کروا لیے، حارث رؤف کے کندھے کے متعلق رپورٹس رات گئے تک دستیاب نہیں ہو سکی تھیں۔ 
فاسٹ بولر کی فٹنس پر کوئی بھی فیصلہ مزید اپ ڈیٹ رپورٹس آنے کے بعد کیا جائے گا۔ کراچی کنگز کے ساتھ میچ کے دوران حارث رؤف سب سے زیادہ باکفایت باؤلر تھے، انہوں نے 4 اووروں میں صرف 22 رنز دیئے اور انہیں ایک وکٹ ملی تھی۔  اگر وہ انجری کے باعث کھیلنے کے قابل نہ رہے تو پانچویں میچ میں لاہور قلندرز کو  اپنےبہترین پرفارمر کے بغیر میدان میں اترنا پڑے گا۔

حارث رؤف گزشتہ سال ایشیا کپ کے دوران بھی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

مزیدخبریں