ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ 8 کے لاہور میں ہونے والے میچز کو لیکر اس وقت سیاسی و انتظامی حلقوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے جس کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑا فیصلہ کر لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت پی ایس ایل کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہے جس کے بعد پی سی بی نے پی ایس ایل 8 کے راولپنڈی اور لاہور کے میچز ممکنہ طور پر کراچی منتقل ہونے کے حوالے سے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب پی ایس ایل میچز کے اخراجات کے حوالے سے ہونے والا پنجاب کابینہ کا اجلاس ختم ہو گیا ہے جس میں کابینہ نے سارے اخراجات اٹھانے سے انکار کر دیا ہے ، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )میچز کے 50 فیصد اخراجات خود اٹھائے ، اس فیصلے کی رو سے اب مطالبہ کیا گیا ہے کہ 50 کروڑ روپے اخراجات میں سے 25 کروڑ روپے پنجاب حکومت اور 25 کروڑ روپے پی سی بی ادا کرے گا۔
کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سپر لیگ سے اربوں روپے کما رہا ہے اس لیے اس میں ہونے والے اخراجات خود برداشت کرے، اب تک کی اطلاعات کے مطابق پی ایس ایل کے لاہور اور پنڈی میں ہونے والے میچز کو لیکر پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنجاب کی نگران حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہیں اور اب کابینہ اجلاس کے بعد حتمی فیصلہ اب رات تک ہونے کے امکان ہے ، پنجاب کی نگران حکومت نے سیکیورٹی، لائٹس اور دوسرے معاملات پر ایک بار پھر بات چیت کا فیصلہ کیا ہے، اس معاملے میں پی سی بی اور نگران حکومت کےنمائندے آج معاملات طے کرلیں گے۔
واضح رہے کہ نگران پنجاب حکومت کی جانب سے سیکیورٹی، لائٹس اور دوسرے اخراجات کی مد میں مزید 45 کروڑ روپے کے بلز کی ادائیگی پی سی بی نے کرنے سے صاف انکار کردیا تھا، لاہور میں میچز کا آغاز 26 فروری سے ہو رہا ہے جبکہ پنڈی یکم مارچ سے پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا، اس حوالےسے قذافی اسٹیڈیم میں پہلے دو میچز کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور اسٹیڈیم کے اندر میچز کیلئے 9 پچز کا اسکوائر تیار کردیاگیا ہے۔
میچ کے حوالے سے پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے کپتان آج قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس بھی کریں گے ، لیگ کے حوالے سے تاحال صوبائی حکومت اور پی سی بی میں ڈیڈ لاک برقرار ہے ، لیگ کے میچز پنجاب میں کروانے یا منتقل ہونے کے حوالے سے آج رات تک حتمی فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔