اب تک ہم اچھی کرکٹ نہیں کھیل رہے، عمر گل

25 Feb, 2023 | 05:07 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ اب تک ہم اچھی کرکٹ نہیں کھیل رہے، ہمیں تینوں ڈپارٹمنٹس میں بہتر کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر گل کا کہنا تھا کہ اس پرفارمنس پر کافی دکھ ہے، جو پلان کیا تھا اس کے مطابق بولنگ نہیں ہوسکی، بولرز کو اے، بی، سی سارے پلان دیے تھے۔

 عمر گل نے کہا کہ وقفے وقفے سے کچھ بہتر ہوتا ہے مگر فنش اچھا نہیں کر پا رہے، فیلڈنگ میں ہم بہتر کرسکتے تھے، ہم کم بیک کر سکتے ہیں، ابھی ہم ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئے، اب بھی موقع ہے ہم واپس آسکتے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ہم اچھے کمبی نیشن کی تلاش میں ہیں، جب آپ اہم پلیئر سے محروم ہوجاتے ہیں تو اس کے بعد کمبی نیشن بنانا مشکل ہوجاتا ہے، ہمیں توقع تھی کہ ہسارنگا آئے گا، اس کے حساب سے کمبی نیشن بنایا تھا۔

 انہوں نے کہا کہ اعظم خان کی بیٹنگ نے میچ پر بہت فرق ڈالا، انہوں نے جس طرح بیٹنگ کی ہے اس نے میچ کو ون سائیڈڈ بنا دیا، معین خان بطور پروفیشنل کوچ مایوس ہوں گے لیکن بطور والد ضرور خوش ہوئے ہوں گے۔

 عمر گل کا کہنا تھا کہ کراچی اور کوئٹہ نے جن پلیئرز کو ریلیز کیا انہوں نے ہمارے خلاف ہی پرفارم کردیا، رائیلی روسو کو ریلیز کیا اس نے پرفارم کر دیا، اعظم کو ریلیز کیا اس نے پرفارم کیا، ٹیم کو یہی کہا ہے کہ پانچ میچ باقی ہیں، اب بھی بہتر ہوسکتا ہے۔

مزیدخبریں