’عدالت نے تصحیح کا عمل شروع کرنا ہے تو نواز شریف کیس کے فیصلے سے شروع کرے‘

25 Feb, 2023 | 09:13 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عدالت نے تصحیح کا عمل شروع کرنا ہے تو نواز شریف کیس کے فیصلے سے شروع کرے ، پاناما کیس سے شروع کرے ، یہ کہانی جنرل پاشا کے وقت سے شروع ہوئی۔

خواجہ آصف نےنجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت  کرتے ہوئے کہا کہ نئے آرمی چیف کی تقرری کے موقع پر عمران خان نے جو کوشش کی ، اس سے متعلق بھی راز ان کے پاس موجود ہیں ، یہ ساری کہانیاں سامنے آئیں گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو سسیلین مافیا کہنے والوں اور اس فیصلے پر دستخط کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے ، شاہ محمود نے بھی کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی۔ 

خواجہ آصف نے کہا کہ مریم اپنی تقریر میں حق بجانب ہیں ، وہ ہماری پارٹی لیڈر ہیں ، عمران کے ساتھ ہوا کیا ہے جو وہ ایسی زبان بولتا ہے ، متاثرہ فریق تو ہم ہیں، ہمیں عدالت سے دکھ ملے ہیں۔اس سے قبل گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا تھاکہ آئین کو ری رائٹ کرنا عدلیہ کا کام نہیں ، عدلیہ آرٹیکل 63 کو ری رائٹ نہ کرے ، پاناما سے لے کر تمام کیسز کے لیے فل کورٹ بنا کر نظرِثانی کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ ازخود نوٹس پر نو رکنی بینچ نہیں تمام ججز پر مشتمل فل کورٹ سماعت کرے ، بھٹو کی شہادت اور نواز شریف کی آئینی شہادت عدلیہ کے ہاتھوں ہوئی ۔

مزیدخبریں