(ملک اشرف) ڈائریکٹر ایجوکیشن ویلفیئر بورڈ کی خدمات محکمہ تعلیم کے سپرد کرنے کا معاملہ، ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری کامران علی افضل سمیت دیگر افسران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ڈائریکٹر ایجوکیشن ویلفیئر بورڈ سجاد اسلم کی درخواست کی سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے توصیف الرحمن بھٹی ایڈووکیٹ پیش ہوئے، درخواستگزار کی جانب سے چیف سیکرٹری، سیکرٹری سروسز شہریار سلطان، سیکرٹری لیبرسہیل شہزاد اور سی ای او پنجاب ورکر بورڈ رضوان شریف کو فریق بنایا گیا، عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ وہ ڈیپوٹیشن پر ڈائریکٹر ایجوکیشن ویلفیئر بورڈ میں گریڈ 19 میں تعینات ہے، درخواستگزار کی خدمات واپس محکمہ تعلیم کے سپرد کرنے کیلئے چیف سیکرٹری سمیت دیگر کو درخواستیں دیں، داد رسی نہ ہونے پر ہائی کورٹ سے رجوع کیا، عدالت نے یکم فروری کو درخواست نمٹاتے ہوئے چیف سیکرٹری کو تین روز میں زیر التوا درخواست پر فیصلے کا حکم دیا، تاہم عدالت کے حکم کی تاحال تعمیل نہیں کی گئی۔
درخواست گزار کی جانب سے حکم عدولی پر چیف سیکرٹری سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی ۔