فوڈ بزنس آپریٹرز کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی ویکسین مفت لگانے کا فیصلہ

25 Feb, 2021 | 04:49 PM

Sughra Afzal

(عثمان علیم) فوڈ بزنس آپریٹرز کیلئے خوشخبری، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تین لاکھ رجسٹرڈ فوڈ بزنس آپریٹرز کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی ویکسین مفت لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان سے ملاقات کی، اس موقع پر 3 لاکھ سے زائد فوڈ ہینڈلرزکو ٹائیفائیڈ ویکسین لگانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوانہ نے کہا کہ آلودہ کھانا ٹائیفائیڈ پھیلنے کی بڑی وجہ بنتا ہے، فوڈ ہینڈلر کو ٹائیفائیڈ ویکسین لگانے سے بیماری کا پھیلاؤ روکا جا سکے گا، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ٹائیفائیڈ حفاظتی ویکسین مہیا کرے گا، ٹائیفائیڈ حفاظتی ٹیکے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی نگرانی میں مختص کردہ مراکز پر لگائے جائیں گے۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) عثمان نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تعاون سے فوڈ ہینڈلرز کو ٹائیفائیڈ سے محفوظ کرنا انتہائی اہم منصوبہ ہے، اگلے مرحلے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ڈیٹا بیس بھی اپنے سسٹم سے منسلک کریں گے، فوڈ ہینڈلرز کو دیگر بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین اور ادویات فراہم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے.

انہوں نے کہا کہ فوڈ ہینڈلرز کی صحت کو محفوظ بنا کر عوام کی بڑی تعداد کو خوراک سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے.

مزیدخبریں