(سٹی42)مجرموں کو سزا دلانے کیلئے میرٹ پر تفتیش ضروری،پولیس افسر انصاف کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں،ان خیالات کا اظہارسی سی پی او غلام محمود ڈوگر نےانویسٹی گیشن ونگ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نےصحیح تفتیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نےانویسٹی گیشن ونگ کے افسران سے خطاب کیا، پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں منعقدہ اجلاس میں انویسٹی گیشن ونگ کے ڈویژنل ایس پیز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نےکہا کہ انصاف کی فراہمی اور مجرموں کی سزا کے لئے میرٹ پر تفتیش ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کا معیار بہتر ہونے سے جرائم میں کمی واقع ہوتی ہے۔
انویسٹی گیشن ونگ کو جدید ٹیکنالوجی اور ضروری ساز و سامان سے لیس کیا جا رہا ہے۔ پولیس افسران انصاف کے متلاشی شہریوں کو بروقت انصاف فراہم کریں۔
واضح رہے قبل ازیں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نےاچانک تھانہ فیکٹری ایریا کادورہ کیا تھا، سی سی پی او کے اچانک دورے کے موقع پر ایس پی کینٹ صاعد عزیز اور اے ایس پی ڈیفنس سرکل بھی موقع پر موجود تھے۔ سربراہ لاہور پولیس نے فرنٹ ڈیسک پر زیرالتواء درخواستوں اور تھانے کے ریکارڈ رجسٹرڈ چیک کئے۔
نامکمل ریکارڈ اور ناقص صفائی ستھرائی کے انتظامات پر ایس ایچ او کی سرزنش بھی کی۔ غلام محمود ڈوگر نے فرنٹ ڈیسک پر زیرالتواء درخواستوں کو جلد از جلد نمٹانے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
علاوہ ازیں انہوں نے پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کاحکم دیا تھا، غلام محمود ڈوگر نے عندیہ دیا کہ پتنگ بازی کی شکایت پر متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، تھانوں کی سطح پر پتنگ بازی کی نگرانی کیلئے ٹیمیں تشکیل دینے اور ڈولفن اور پیرو فورس کو بھی دوران گشت مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے ۔