( رضوان نقوی ) کمشنر آر ٹی او ٹو محمود حسین جعفری کا ٹیم کے ہمراہ حفیظ سنٹر کا دورہ، کہتے ہیں تاجر تنظمیں ٹیکس دائرہ کار بڑھانے کیلئے غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد کی نشاندہی کریں-
ریجنل ٹیکس آفس ٹو کے کمشنران لینڈ ریونیو محمود حسین جعفری نے ایڈیشنل کمشنرعطیہ علی خان اورڈپٹی کمشنر ناصر جمال شاہ کے ہمراہ حفیظ سنٹر کا دورہ کیا- کمشنر ان لینڈ ریونیو نے غیر رجسٹرڈ کاروبار کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کیلئے تاجر رہنماؤں کو اعتماد میں لیا۔
کمشنر محمود حسین جعفری نے کہا کہ حفیظ سنٹر اور لبرٹی میں تاجروں کیلئے ٹیکس سہولیاتی کاؤنٹر قائم کئے جائیں گے۔ حفیظ سنٹر کے تاجروں نے ٹیکس مشینری میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ ایف بی آر کی بیوروکریسی دفتروں میں افسر بن کر بیٹھی ہے جبکہ ایف بی آر کا فیلڈ سٹاف کاروباری طبقہ کو لوٹ رہا ہے۔
کمشنر ان لینڈ ریونیو نے کہا کہ تاجر برادری کی شکایات کے ازالہ کیلئے ان کے دفاتر کے دروازے ہروقت کھلے ہیں، گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کیلئے ایف بی آر جرمانوں میں اضافہ کررہا ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک بھر کے 37 ہزار جیولرز میں سے صرف 2 سو جیولرز سیلز ٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ ہیں۔ تاجروں نے فکس ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایف بی آر کو مارکیٹوں میں کاؤنٹرز فراہم کرنے کی پیشکش کی۔