اب شہری پراپرٹی ریکارڈ کی تصحیح اور تبدیلی آن لائن کرسکیں گے

25 Feb, 2020 | 04:23 PM

Sughra Afzal

(علی ساہی) محکمہ ایکسائز کا شہریوں کو بااختیار بنانے کیلئےاہم اقدام، پراپرٹی ٹیکس کے ڈیٹاتک رسائی دینے کے لیے ویب پورٹل کا افتتاح کردیا گیا، اب شہری پراپرٹی ریکارڈ کی تصحیح اور تبدیلی آن لائن کرسکیں گے۔

پی سی ہوٹل میں پراپرٹی ٹیکس ویب پورٹل کی افتتاحی تقریب ہوئی، صوبائی وزیر ایکسائز حافظ ممتاز نے پراپرٹی ٹیکس ادائیگیوں، پی ٹی ون کی وصولیوں لینڈ ایریا سمیت دیگر معلومات تک کے شہریوں کو رسائی دینے کیلئے پراپرٹی ٹیکس آن لائن پورٹل کا افتتاح کر دیا۔

افتتاح کے موقع پر صوبائی وزیرایکسائز کا کہنا تھا کہ پورٹل کے ذریعے شہری خود پراپرٹی ٹیکس کے امور سرانجام دے سکیں گے، پورٹل سے نظام میں شفافیت اور وقت کی بچت ہوگی، فیلڈ سٹاف کے صوابدیدی اختیارات اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔

سیکرٹری ایکسائز پنجاب وجہیہ اللہ کنڈی کا کہنا تھا کہ  شہری محکمہ ایکسائزکی ویب سائٹ پرجاکر"آن لائن سیلف اسسمنٹ آف پراپرٹی ٹیکس"پر کلک کرکےلاگ ان ہوں گے، پورٹل کےذریعےشہری آن لائن محکمہ ایکسائزکے ریکارڈ میں موجود اپنی پراپرٹی بارے میں آگاہی حاصل کرسکیں گے، شہری آن لائن اپنے پراپرٹی ریکارڈ میں تبدیلی بھی کرسکیں گے، جبکہ سمارٹ کارڈزکی ترسیل بہتر بنانے کے اقدامات اور یونیورسل نمبرپلیٹ کا جلد افتتاح کر رہے ہیں۔

پراپرٹی ویب پورٹل بارے ڈیجیٹلایشن سکرین کے ذریعے آگاہی بھی دی گئی، افتتاحی تقریب میں رکن اسمبلی سعدیہ سہیل،ڈی جی ایکسائزسہیل شہزاد، ایڈیشنل ڈی جی راؤ شکیل رحمان، ڈائریکٹر رضوان اکرم شیروانی سمیت دیگر ایکسائز افسران بھی شریک ہوئے۔

مزیدخبریں