(ملک اشرف) لاہورہائیکورٹ میں ٹاپ ٹین بدمعاشوں کی فہرست کیخلاف درخواستوں پر سماعت، ڈی آئی جی لیگل جواد ڈوگر سمیت دیگر افسران پیش،عدالت نے ڈی آئی جی لیگل کو ہر کیس کا انفرادی جائزہ لے کر چار مارچ کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے گوگی بٹ، منشاء بم سمیت ٹاپ ٹین بدمعاشوں کی فہرست میں شامل دیگر افراد کی درخواستوں پر سماعت کی، ڈی آئی جی لیگل جواد ڈوگر، اے آئی جی لیگل سلیم چغتائی سمیت دیگر پولیس افسران عدالت میں پیش ہوئے، ڈی آئی جی لیگل نے ٹاپ ٹین بدمعاش کے الفاظ کے ریکارڈ کی درستگی کے لئے مہلت کی استدعا کی۔
جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ ہرشخص کی عزت ہوتی ہے، عدالتوں سے بری ہونے والوں کے بارے میں ایسے الفاظ غیر مناسب ہیں، مقدمات کو بنیاد بناکر کسی کو کیسے ٹاپ ٹین بدمعاش کا نام نہیں دیا جاسکتا ہے،، پولیس کا ڈر اور خوف ختم ہوتا جارہا ہے جو قائم رہنا چاہیئے۔
درخواستوں گزاروں کی جانب سے پنجاب حکومت ہوم، سیکرٹری، آئی جی، ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس کی جانب سے ٹاپ ٹین بدمعاشوں کی فہرست مرتب کی گئی ہے، مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں، عدالتوں سے سزا یافتہ بھی نہیں ہیں، ٹاپ ٹین کی بدمعاشوں کی فہرست میں بلاجواز نام شامل کیے گئے، بلاوجہ اور بغیر کسی مقدمے کے حراساں کیا جارہاہے۔
درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت ٹاپ ٹین بدمعاشوں کی فہرست کے اقدام کو کالعدم قرار دے ،عدالت نے پولیس کو ریکارڈ کی درستگی کے لئے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔