سرکاری کالجز میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد

25 Feb, 2019 | 10:49 PM

Arslan Sheikh

( اکمل سومرو ) سرکاری کالجوں میں زیر تعلیم طلبا پر سختی کرنے کا نیا حکم نامہ جاری، موبائل فون، کیمرہ اور ٹیپ ریکارڈر رکھنے پر طالبعلم کو ایک ہزار روپے جبکہ یونیفارم کے بغیر کالج آنے پر150 روپے یومیہ جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ 

لاہور سمیت پنجاب کے سرکاری کالجوں میں زیر تعلیم طلباء وطالبات پر سختی کرنے کے لیے ڈی پی آئی کالجز پنجاب کی جانب سے نیا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ نے کالج میں موبائل فون رکھنے والے طلبا پر جرمانے عائد کرنے اور موبائل فون ضبط کرنے کی پالیسی نافذ کر دی ہے۔ کیمرہ ٹیپ ریکارڈر اور موبائل فون رکھنے پر طالب علم کو ایک ہزار روپے یومیہ جرمانہ کیا جائے گا۔

موبائل فون کالج میں لانے کی صورت میں انتظامیہ کو اسے ضبط کرنے کی ہدایات کی گئی ہے، ضبط شدہ موبائل فون صرف والدین کی تحریری درخواست اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد ملے گا۔ کالج میں بغیر یونیفارم آنے والے طلبا پر 150 روپے یومیہ جبکہ نا مکمل یونیفارم کی صورت میں ایک سو روپیہ یومیہ جرمانہ عائد ہوگا۔

طلبا کی جانب سے کالج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر دو سو روپے سے لے کر ایک ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ڈی پی آئی کالجز پنجاب نے ڈائریکٹر کالجز کے ذریعے سے کالجوں کے پرنسپلز کو اس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مزیدخبریں