علی اکبر: مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی سے یورپی یونین کے آٹھ رکنی وفد کی ان کی رہائش گاہ پر ملاقات، پارٹی رہنما سینیٹر کامل علی آغا، ڈاکٹر خالد رانجھا، رضوان ممتاز علی اور سالک حسین بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق چودھری شجات حسین نے کہا کہ 2013ء کا الیکشن آر اوز کا الیکشن تھا، 22 سیاسی جماعتوں کا یہی موقف تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے آر اوز کے اس الیکشن کو صرف اس لیے قبول کیا کہ جمہوریت پروان چڑھے۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ آئندہ انتخابات کیلئے یورپی یونین کے الیکشن آبزرویشن مشن کی اہمیت اور افادیت سے اتفاق کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دفتر خارجہ ان سے بھرپور تعاون کریں گے۔
وفد کے ارکان نے لیگی قائدین سے آئندہ جنرل الیکشن کے حوالے سے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کا وفد پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں سے ملاقات کر رہا ہے۔ ان انتخابات کے حوالے سے ان کے خیالات کو جاننا چاہتا ہے اور وہ جنرل الیکشن سے قبل ایک رپورٹ جاری کرے گا۔ جس میں سربراہوں کے خیالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیاسی حالات کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔
وفد نے کہا کہ 2002، 2008، اور 2013ء کے جنرل الیکشن پر بھیان کی رپورٹ شائع ہو چکی ہے۔ یورپی یونین کے وفد میں مسٹر نکولائی پاس، مس این وان ہوٹ، مسٹر جین کوسٹے ڈوٹ ، مسٹر ہانس ویبر، مس ہانا تھریسا رابرٹس، مسٹر کولم ونسنٹ فاہے، مسٹر پاول کرسٹوف جیورک زیک، سوانٹے ٹورنی ینگروٹ شامل تھے۔