(سٹی42) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کی گرفتاری پر بیوروکریسی کا احتجاج ریاست کے خلاف کھلی بغاوت ہے، جو شہباز شریف اور و فاقی حکومت خود کروا رہی ہے.
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے لٹریری فیسٹیول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تاریخ میں سول سرونٹس کی ہڑتال کا یہ دوسرا واقعہ ہے، پہلی بار 1962 میں پولیس نے ہڑتال کی تھی، تب حکومت نے حکم دیا تھا کہ شام تک پولیس والے ڈیوٹی پر واپس نہ آئے تو فارغ کر دیئے جائیں گے اور پولیس والے شام سے پہلے ہی ڈیوٹیوں پر آگئے تھے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت کو چاہئے تھا کہ احد چیمہ کی گرفتار پر ہڑتال کرنے والے بیوروکریٹس کو شوکاز نوٹس جاری کرتی، کیا ہوا اگر سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ خان پکڑا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیوروکریٹس نواز شریف کے صرف لاڈلے نہیں بلکہ بگڑے ہوئے لاڈلے ہیں، ان کو جسٹس قیوم جیسا جج اور احد چیمہ جیسا بیوروکریٹ چاہیے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ نئی حکومت ہڑتال کرنے والے بیروکریٹس کو شوکاز نوٹس جاری کرے گی اور گرفتار بھی کرے گی۔