سٹی42: کوئٹہ کے مضافات میں مغربی بائی پاس کے علاقے میں دہشتگردوں نے سوئی سدرن کمپنی کی ڈیڑھ فٹ قطر کی گیس پائپ لائن کو بم سے اڑا دیا۔ کرسمس کے روز ہونے والے اس دہشتگردی کے واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ گیس پائپ لائن کو آگ لگ گئی، کمپنی کو اس پائپ لائن کوسپلائی بند کرنا پڑی جس کے باعث بلوچستان کے کئی علاقوں میں گیس کی سپلائی معطل ہوگئی۔
مغربی بائی پاس پر ایک پل کے نیچے سے گزرنے والے والی 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائنپر بم کے حملے سے پائپ لائن ڈیمیج ہو گئی اور گیس لیک ہونے کے ساتھ آگ لگ گئی۔ آگ کےبلند شعلے دور تک دیکھے گئے۔
فائر بریگیڈ اور بروری تھانہ کی پولیس نے مل کر ایک گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
ایس ایچ او بروری محمود خروٹی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ تخریب کاری کی وجہ سے لگی ہے، گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد کے ذریعے اڑایا گیا ہے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے بتایا کہ مغربی بائی پاس پر 18 انچ قطر کی بڑی گیس سپلائی پائپ لائن متاثر ہوئی جس کی وجہ سے دارالحکومت کوئٹہ کے کچھ علاقوں اور بلوچستان کے مختلف علاقوں کیلئے گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
اس پائپ لائن کے اچانک بند ہو جانے سے بالائی بلوچستان کے علاقوں کچلاک، زیارت، بوستان، یارو، کربلا، ہرمزئی اور پشین اور کوئٹہ شہر کے علاقے بشمول ایئرپورٹ روڈ، نواکلی، جناح ٹاؤن، خائزی، اے ون سٹی اور ہزار گنجی کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
سوئی سدرن کمپنی مرمت کے کام کو جلد مکمل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس بارے میں اپنے صارفین کو جلد مطلع کرے گی۔