میرا وجدان کہتا ہے نواز شریف 5 مرتبہ ملک کے وزیراعظم بنییں گے: کیپٹن صفدر

25 Dec, 2023 | 01:25 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک : مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کا کہنا ہے میرا وجدان کہتا ہے نواز شریف 5 مرتبہ ملک کے وزیراعظم بنییں گے۔

ایک انٹرویو کے دوران کیپٹن صفدر کا کہنا تھا جب 2017 میں پاناما کا کیس بنا تو اسی وقت سے دل میں تھا کہ یہ ایک جھوٹا کیس ہے، یہ کیس نواز شریف کے خلاف نہیں تھا بلکہ یہ ریاست پاکستان کے خلاف کیس تھا اور جب بھی اس معاملے کی انکوائری ہو گی تو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور کمپنی کے خلاف ٹرائل ہو گا۔

ان کا کہنا تھا ہماری الیکشن کے لیے پوری تیاری ہے اور جب مانسہرہ میں جلسے کے انتظامات کر لیں گے تو نواز شریف کو جلسے کی دعوت دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے متعلق فیصلے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ہوتے ہیں لیکن ماضی میں ہم نے دیکھا کہ جو بھی پارٹی کا صوبائی صدر ہوتا ہے وہی وزیراعلیٰ کا امیدوار ہوتا ہے اور جب دوسری جماعتوں کے ساتھ اتحاد ہوتا ہے تو پھر آپ کو سینئر وزارتیں انہیں دینی پڑتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا میں تو اس چیز کا قائل ہوں جس کی قسمت میں لکھا ہے تو اس کی پیدائش کے ساتھ ہی لکھ دیا جاتا ہے کہ کس تاریخ کو وہ وزیراعلیٰ بنے گا، اب نواز شریف جب پیدا ہوئے تو اللہ نے اسی وقت لکھ دیا کہ نواز شریف 5 بار یا 4 بار ملک کا وزیراعظم ہو گا، 3 مرتبہ تو وہ وزیراعظم بن چکے ہیں، میرا وجدان (شعور) کہتا ہے کہ نواز شریف 5 مرتبہ ملک کے وزیراعظم ہوں گے، پیروں کے گھر پیدا ہوا ہوں اور اللہ سے یہی دعا کر رہا ہوں۔

یاد رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ نواز شریف مانسہرہ سے جیت کو چوتھی مرتبہ ملک کے وزیراعظم اور امیر مقام صوبے کے وزیراعلیٰ بنیں گے۔

مزیدخبریں