ویب ڈیسک: راولپنڈی میں گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس نے متعدد گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں گیس پائپ لائن میں دھماکا جوڑیاں کے مقام پر ہوا، دھماکے کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ سپلائی لائن میں دھماکے کے بعد لگنے والی آگ نے متعدد گھروں کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے تاہم ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ آگ نے گیس لائن، آئل ریفائنری کی سپلائی لائن اور ایک گھر کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے ابتدائی تحقیقات کے مطابق پہلے گیس پائپ لائن میں دھماکا ہوا جس نے آئل ریفائنری کی سپلائی لائن کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں، 3 فائر ٹینڈرز سمیت 6 ایمرجنسی گاڑیاں آپریشن میں مصروف ہیں، مزید فائر ٹینڈرز بھی واقعہ کی جگہ روانہ کر دیے گئے ہیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے واقعے میں قریبی مکانات کو خالی کروا لیا گیا ہے اور آگ بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔