ویب ڈیسک: چوروں نے 10 فٹ لمبی سرنگ بناکر بینک سے ایک کروڑ مالیت کا سونا چُرالیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر کان پور میں چوروں نے فلمی انداز میں چوری کی واردات کر ڈالی، بینک کے لاکرز والے حصے تک پہنچنے کے لیے 10 فٹ لمبی اور 4 فٹ چوڑی سرنگ کھود دی اور بآسانی سونا چرا کر فرار ہوگئے۔اس واردات نے پولیس اور بینک کے عملے دونوں کو حیرت میں ڈال دیا۔
ذرائع کے مطابق جب بینک منیجر آفس پہنچے تو لاکرز کھلے پائے, تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور 1.8 کلو گرام سونا غائب تھا جس کی مالیت ایک کروڑ بنتی ہے۔ منیجر نے فوری طور پر پولیس کو اطلاح دی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کی۔
واردات کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ چوروں نے بینک کے برابر میں خالی پلاٹ سے 10 فٹ لمبی اور 4 فٹ چوڑی سرنگ کھودی اور لاکرز تک پہنچے اور صفایا کردیا۔ چوروں نے کیش کا لاکرز بھی توڑنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے جس میں 32 لاکھ روپے تھے۔
بینک منیجر نے اپنے بیان میں بتایا کہ یہ زیورات 29 شہریوں کے تھے جنھوں نے بینک سے قرضہ لینے کے لیے سونا جمع کرایا تھا۔