ویب ڈیسک: قدیم مصر کے سب سے طاقتور فرعون کی تصویر منظرِ عام پر آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق قدیم مصر کے سب سے طاقتور فرعون رامسس دوم کا چہرہ 3200 سال بعد جدید سائنسی ٹیکنالوجی کی مدد سے منظرِ عام پر لایا گیا ہے۔ مصر اور انگلینڈ کے سائنسدانوں کے اشتراک سے تھری ڈی ماڈل کا استعمال کرتے ہوئے فرعون کے چہرے کے نقوش دوبارہ تشکیل دیے گئے۔
مصر اور انگلینڈ کے سائنسدانوں نے فرعون کے چہرے کے نقوش کو دوبارہ تشکیل دینے کے بعد اس کی عمر کو تقریباً نصف صدی تک کم کیا تاکہ اس دور کا چہرہ واضح کیا جائے جس وقت اس کی حکمرانی عروج پر تھی۔اس طرح جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سامنے آنے والی یہ فرعون کی پہلی سائنسی تصویر ہے جو اس کی حقیقی کھوپڑی کے سی ٹی اسکین کی مدد سے بنائی گئی ہے۔
فرعون کی کھوپڑی کا تھری ڈی ماڈل قاہرہ یونیورسٹی کی سحر سلیم نے بنایا ہے، اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے فرعون کی جو تصویر سامنے آئی وہ جاذبِ نظر تھی۔