ویب ڈیسک: پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف گزشتہ روز اپنی کلاس فیلو مزنا مسعود ملک سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
حارث رؤف اور ان کی اہلیہ مزنا مسعود نے نکاح کے روز سفید رنگ کے شیڈز کے ساتھ تیار عروسی ملبوسات کا انتخاب کیا۔
نکاح کے روز مزنا نے ڈیزائنر حسین ریحار کی تیار کردہ خوبصورت آئیوری رنگ کی آرگنزا کی پشواس کا انتخاب کیا جو سنہری رنگ کے ہاتھ کے خوبصورت اور نفیس کام کے ساتھ تیار کی گئی تھی۔
مزنا کے عروسی لباس کی قیمت حسین ریحار کی ویب سائٹ پر 6 لاکھ 90 ہزار پاکستانی روپے درج ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حارث رؤف کا نکاح اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہوا تھا جس میں ان کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ حارث رؤف کے نکاح کی تقریب میں قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید، سابق ٹیسٹ کرکٹر ریاض آفریدی اور سی ای او لاہور قلندرز ثمین رانا بھی شریک ہوئے تھے۔