مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار منا رہی ہے

25 Dec, 2022 | 08:45 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک :ملک کے مختلف شہروں میں مسیحی برادری نے اپنا تہوار بھرپور عقیدت و احترام سے منانے کیلئے کرسمس ٹری سجا لئے ، گرجا گھروں پر چراغاں، عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کرلیا گیا۔

اسلام آباد میں مسیحی برادری نے گلی کوچوں کی سجاوٹ کے ساتھ گھروں میں کرسمس ٹری بھی سجالیے، کراچی میں گرجا گھروں پر چراغاں کرکے عبادات اور دعائیہ تقریبیں منعقد کی جائیں گی۔

 لاہور میں سانتا کلاز نے بچوں میں تحائف تقسیم کیے، پشاور میں مسیحی برادری نے گھروں کو خوب صورتی سے سجا لیا، راول پنڈی میں بھی بچے، خواتین، مرد، سب کرسمس منانے کیلئے پُرجوش ہیں۔

مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کی مناسبت سے کوئٹہ کے ایک نجی تعلیمی ادارے میں کرسمس تقریب میں قومی پرچم اٹھائے سانتا کلاز نے مذہبی گیت کیرلز گا کر ملک کی سلامتی امن و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی۔

پشاور کے مسیحی لوک گلوکار ڈینیل شوکت نے کرسمس پر پہلی بار اپنا مذہبی گیت پشتو زبان میں ریکارڈ کروا لیا، گیت کے بول ڈینیل کے والد شوکت پرویز نے لکھے جو خود بھی شاعر ہیں۔

وقت کی کمی کی باعث ڈینیل نے اس گیت کو اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر صرف تین روز میں مکمل کیا۔ 

مزیدخبریں