(ویب ڈیسک)محکمہ موسمیات نےخشک سردی کےخاتمے کی نوید سنادی۔مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگیا ۔ پنجاب، بلوچستان، سندھ میں بادل برسیں گے۔ آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرداورمطلع ابر آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل گیا جس کے باعث آج رات سے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد مطلع ابر آلود رہے گا، بالائی و وسطی بلوچستان ، جنوبی پنجاب،بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش برفباری کی توقع ہے،جبکہ کل اتوار کے روز اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی کل مطلع ابر آلود موسم سرد رہے گا، پنجاب کے شہروں ڈیرہ غازی خان، راجن پور، رحیم یار خان، بہاولپور،ملتان، ساہیوال، بہاولنگر،لاہور،قصور اور اوکاڑہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ پوٹھوہار میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور مری میں برفباری متوقع ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا، ہری پور،ایبٹ آباد مانسہرہ ، پشاور،مردان ،صوابی،دیر، چترال ، کرم، بونیر، شانگلہ ،سوات ، مالاکنڈاور کرم میں بارش برفباری کا امکان ہے۔ کوہاٹ، بنوں، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی ابر آلود اور سرد رہے گا تاہم شام اور رات کے دوران سکھر، لاڑکانہ ، جیکب آباد،شہید بینظیر آباد اور دادو میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے، کراچی میں بھی ہلکی بارش بونداباندی کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد مطلع ابر آلود رہے گا، کوئٹہ، قلات، زیارت، کوہلو، سبی، بارکھان، خضدار، ژوب، چمن، پشین اورنصیر آباد میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
آواران ، لسبیلہ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور گلگت بلتستان ، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش برفباری کا امکان ہے۔