اشرف خان : ایک ہفتےکے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کار سرگرم رہے ۔ ہنڈریڈ انڈیکس دو سو اٹھارہ پوائنٹس اضافے سے چوالیس ہزار ایک سو کی سطح سے اوپر بند ہوا۔ شیئرز کی قیمت بڑھنے پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں چالیس ارب روپےکا اضافہ ہوگیا ۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق100 انڈیکس کاروباری ہفتے میں مثبت رہا۔ 100 انڈیکس میں ایک ہفتے کے دوران 218 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ انڈیکس 0.50 فیصد اضافے سے 44 ہزار 118 کی سطح پر بند ہوا۔ ہفتے میں انڈیکس کی بلند سطح 44 ہزار 595 جبکہ کم سطح 43 ہزار 809 رہی۔ایک ہفتے میں 40 ارب روپے مالیت کے ایک ارب 7 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا۔ شیئرز کی قیمت بڑھنے سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن 40 ارب روپے بڑھ کر سات ہزار 559 ارب روپے ہوگئی ۔
کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اکتوبر کے ایک ارب چھہتر کروڑ ڈالرز سےبڑھ کر ایک ارب اکیانوے کروڑ ڈالرز پر پہنچ گیا ہے جبکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات نومبر 2021 میں ایک ارب چہتر کروڑ ڈالر پر پہنچ گئی،،، جو اکتوبر 2021 میں ایک ارب ساٹھ کروڑ ڈالرز تھی ۔