ویب ڈیسک: قائداعظم محمد علی جناحؒ کےیوم پیدائش پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
جنوبی ایشیا کےعظیم رہنما اور بابائے قوم قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش پر افواج پاکستان کی جانب سے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس حوالےسے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اےمیجر جنرل عمراحمد بخاری نےپریڈ کا معائنہ کیا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کےکیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے مزارِ قائد کی سیکورٹی کی ذمے داری سنبھال لی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہ مسلح افواج کا واحد ادارہ ہے جسے بطور اکیڈمی کے ”کرنل چیف“ قائداعظم نے ”قائد کی اپنی بٹالین“ قرار دیا۔
مہمان خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اے میجر جنرل عمر احمد بخاری نے مزار قائد پر گلدستہ رکھا اور فاتحہ خوانی کی۔ میجرجنرل عمراحمد بخاری نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبندکئے۔اس سے قبل پاک ایئرفورس کا دستہ مزار قائد پر گارڈ کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہا تھا۔