سٹی 42: آئی جی پنجاب راؤ سردار کی ہدایت پر یوم قائد اور کرسمس کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں گرجا گروں، مارکیٹوں، پبلک مقامات اور پارکس پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہروں کے داخلہ و خارجی راستوں پر خصوصی چیک پوسٹ قائم کی گئی ہیں، پٹرولنگ فورسز کے گشت کو بڑھایا گیا ہے۔ صوبہ بھر میں تقریبا ساڑھے تین ہزار کرسمس پروگرامز کی سیکیورٹی کیلئے چوبیس ہزار سے زائد افسران و اہلکار بشمول لیڈی اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
کرسمس پروگرامز کی سیکیورٹی پر مامور افسران و اہلکار ہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ کرسمس پروگرامز کے سیکیورٹی انتظامات میں سی سی ٹی وی کیمروں،میٹل ڈٹیکٹرز سمیت جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس مل کر سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب کے حکم پر افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ٹریفک پولیس کی اضافی نفری گرجا گروں کے باہر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے تعینات کی گئی ہے۔آئی جی پنجاب نے تفریحی مقامات اور پارکس پر سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔