( شہزاد خان ابدالی ) اوپن مارکیٹ میں درجہ اول کے 5 لٹر آئل کی قیمتوں میں 40 سے 55 روپے ہوشربا اضافہ، دیسی کے ساتھ ساتھ فارمی انڈوں کی قیمتیں بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
مہنگائی کی ستائی عوام کو آئل کمپنیوں نے ایک اور بڑا جھٹکا دے دیا۔ درجہ اول کا 5 لٹرآئل پیک 40 سے 55 روپے مہنگا کردیا گیا۔ پانچ لٹر آئل پیک اب 1335 روپے کا ہوگیا جبکہ فی لٹر آئل پیک کی قیمت 12 روپے بڑھکر 267 روپے تک پہنچ گئی۔
شہری آئل کی قیمتوں میں اضافے پر تلملا اٹھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی کو روکنے اور ناجائز منافع خوروں کو لگام ڈالنے میں بے بس ہوچکی ہے۔
اسی طرح دیسی انڈے تو ایک طرف فارمی انڈوں کی قیمتوں نے بھی صارفین کو تیور دکھانا شروع کردیئے ہیں۔ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق 2 روپے بڑھ کر فارمی انڈوں کی قیمت 202 روپے فی درجن ہوگئی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں فارمی انڈے 210 سے 220 روپے فی درجن فروخت ہورہے ہیں۔