عمران خان کے ویژن سے محبت،خاتون ایم پی اے نے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی

25 Dec, 2020 | 12:41 PM

Azhar Thiraj

 سٹی 42:عمران خان  کے ویژن سے محبت،خاتون ایم پی اے نے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی ۔

مخصوص نشست پر تحریک انصاف کی طرف سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والی ساجدہ اقبال نے شوہر سے خلع کیلئے دعویٰ دائر کردیا۔ ایم پی اے ساجدہ اقبال نے دعویٰ دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی 20 مئی کو نوید سیلانی سے دوسری شادی ہوئی تھی لیکن ان کا شوہر ان کا نام استعمال کرکے لوگوں کے ساتھ فراڈ کرتا ہے۔ انہوں نے کئی بار طلاق کا مطالبہ کیا ہے لیکن وہ ٹال مٹول سے کام لیتا ہے۔

ساجدہ اقبال کی جانب سے دعویٰ دائر کیے جانے کے بعد عدالت نے ان کے شوہر کو طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے جس کے بعد دعویٰ خلع کی مزید سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی گئی، آئندہ سماعت پر تحریک انصاف کی ایم پی اے کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔


اس سے قبل انہوں نے میڈیا سے گفتگو  میں کہا تھا کہ ان کا شوہر نوید سیلانی بہت ہی کرپٹ انسان ہے اور وہ ان کی کرپشن سے تنگ آکر خلع لے رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کپتان کی سپاہی ہیں ،عمران خان کے ویژن سے محبت ہے اور ان کے ویژن کرپشن فری پاکستان کے تحت کرپٹ شوہر کے ساتھ نہیں رہ سکتیں، اس لیے وہ  خلع کا دعویٰ دائر کر رہی ہیں۔

یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن پر زیرو ٹالرنس اختیار کررکھی ہے،انہوں کئی بار اپنی تقاریر میں کہا ہے کہ احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ان کے اسی ویژن کے تحت کئی اپوزیشن رہنما ،کرپٹ افسران جیلوں میں ہیں،نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں۔

مزیدخبریں