(سعید احمد) اعظم خان سواتی وزارت ریلوے کا قلمدان سنبھالتے ہی سفارشی کلچر سے پریشان، ریلوے افسران کی جانب سے تبادلوں کیلئے سفارش کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا عندیہ دے دیا۔
وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے سفارشوں کی بھرمار پر چیئرمین ریلوے کو مراسلہ لکھ دیا ہے، مراسلے کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزرات سنبھالتے ہی دوستوں اور پارلیمنٹ ممبران کے ذریعے تبادلوں کی سفارشیں موصول ہو رہی ہیں، پاکستان ریلوے میں رولز اور قابلیت کی بنیاد پر آسامیوں پر افسران کی تعیناتی لازمی ہے، کسی بھی افسر یا ملازم کی طرف سے سفارش کی گئی تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گئی۔
مراسلے میں سی ای او ریلوے کو معاملے پر سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی گئی ہے، جن افسران کی حق تلفی ہو رہی ہو وہ بذریعہ ای میل وزیر ریلوے سے رابطہ کریں، تمام افسران و ملازمین کو وزیر ریلوے کا ای میل ایڈریس جاری کردیا گیا ہے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ محکمہ میں سفارش کلچر کے خلاف مہم تیز کی جائے۔واضح رہےکہ 15 دسمبرکو اعظم خان سواتی نے ریلوے کی وزارت کا چارج سنبھالا ہے، اس سے قبل ریلوے کی وزارت شیخ رشید کے پاس تھی۔