نواز شریف کی جائیداد قرق کرنے کا حکم

25 Dec, 2020 | 12:09 PM

Sughra Afzal

لوئرمال (شاہین عتیق) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے یہ حکم نواز شریف کی مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دینے کے بعد جاری کیا۔

احتساب عدالت کےجج اسد علی نے غیرقانونی پلاٹس الاٹ کرنے کے ریفرنس کا تحریری حکم جاری کردیا، عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ میاں محمد نواز شریف کی جائیدادوں کا ریکارڈ ریونیو بورڈ سے لیکر تفتیشی آفیسر نے عدالت میں جمع کروایا، عدالت میں پیش کیے گئے ریفرنس میں میاں نواز شریف پر بطور سابق وزیراعلیٰ پنجاب 54 کنال اراضی غیرقانونی طور پر من پسند شخصیت کو نوازنے کا الزام ہے۔

عدالت نےنواز شریف کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب 1986ء میں پلاٹ الاٹمنٹ کے کیس میں پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دیا تھا تاہم اب عدالت نے ان کی پاکستان میں تمام جائیدادیں قرق کرکے ڈی جی نیب کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

نیب کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی جائیداد کی تفصیلات کے مطابق میاں نواز شریف 1600 کنال زرعی اراضی سمیت کئی گھروں کے مالک ہیں، ان کے نام پر دو لگژری گاڑیاں اور ایک ٹریکٹر بھی ہے۔کیس کی اگلی سماعت 5 جنوری کو ہوگی۔

مزیدخبریں