لاہورایئرپورٹ پرفلائیٹ آپریشن بند

25 Dec, 2020 | 10:16 AM

M .SAJID .KHAN

(سعید احمد سعید)علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف میں شدید دھند ہونے کی وجہ سے لاہورایئرپورٹ پرفلائٹ آپریشن روک دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سردی کی لہر میں ایک بار پھر شدت آگئی، ٹرینوں کے شیڈول، فلائیٹ آپریشن میں تاخیر اور منسوخی کی وجہ سے مسافر رل گئے،لاہور ایئر پورٹ پر شدید دھندکی وجہ سے فلائیٹ آپریشن روک دیا گیا، دبئی جانے والی پرواز پی اے 410 منسوخ،لاہور آنے اور جانے والی پروازیں ری شیڈول کردیں گئیں،ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھند کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آپریشن بحال کیا جائے گا۔

 اے ٹی سی حکام نے وارننگ جاری کردی۔تمام ائیرلائینز کے پائلٹس کو آگاہ کردیا گیا۔رات 12 بجے ابوظہبی جانے والی پرواز پی اے 430 کو صبح 10 بجے روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا،رات 12بجے قطر سے آنے والی پرواز کیو آر 620 کل دوپہر ساڑھے بارہ بجے لاہور آئے گی۔کیو آر 621 دوپہر پونے دو بجے قطر روانہ ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  صبح سویرے شہر کے مختلف علاقے شدید دھند کے لپیٹ میں رہے، سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، سموگ کی شدت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شام کے اوقات میں بھی دھند پڑنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ آج دن بھر موسم سرد اور خشک رہے گا۔

صبح کے وقت شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اسی طرح ہوا میں نمی کا تناسب صبح کے وقت 86 فیصد اور شام کے وقت 63 فیصد ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، دوسری جانب شہر میں فضائی آلودگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، آج شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 310 تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں