نواز شریف کے بعد ایک اور ن لیگی رہنما گرفتار

25 Dec, 2018 | 02:45 PM

Sughra Afzal
Read more!

(ملک اشرف)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے حکم پر  لاہور پولیس نے اراضی قبضہ کیس میں احاطہ عدالت سےمسلم لیگ ن کے ایم این اے افضل کھوکھر کو گرفتار کرلیا۔

 تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں دورکنی بنچ نے اراضی قبضہ کیس پر سماعت کی ۔ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر طارق عباسی ، ڈی جی اینٹی کرپشن حسنین اصغر، ڈی سی صالحہ سعید ، ڈی جی ایل ڈی اے آمنہ عمران اور ایس پی صدر سمیت دیگر افسران پیش ہوئے ۔ ملک افضل کھوکھر ، ملک سیف الملوک کھوکھر اور ان کے بھائی ملک شفیع وکیل احسن بھون کے ہمراہ پیش ہوئے ۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کھوکھر برادران کے رقبےکا اشتمال کرنے والےافسران اب کہاں تعینات ہیں؟ ان تمام افسران ، پٹواریوں، قانون گو تحصیلدار کی رپورٹ پیش کریں، چیف جسٹس نےشفیع کھوکھر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ علاقے کے منصف بنے ہوئےہیں اور کرتے قبضے ہیں۔ملک شفیع نے کہا کہ چیف جسٹس صاحب مجھے آپ سےانصاف کی توقع ہے , چیف جسٹس نے کہا کہ انصاف بھی ہو گا اورپھائے بھی اسی عدالت سے لگو گے , آج تک جوکرتے رہے اس پر خدا کاخوف نہیں آیا ؟بیواؤں اور یتیموں کی زمینیں ہڑپ کر گئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایل ڈی اے نےبتایا کہ 1977 کو اشتمال اراضی کنفرم ہوئی جبکہ2013میں دوبارہ غیر قانونی اشتمال کرایا گیا ۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سب ملے ہوئے تھے، غریب اورمسکین لوگوں کو جائیداد وں سے محروم کیا گیا، جب 1977 میں اشتمال کردیا گیا تو پھر اس کو تبدیل کیسے کیا جاسکتا ہے؟۔غریبوں کو جائیداد سے محروم کرنے والے افسران کو نہیں چھوڑیں گے، چیف جسٹس نے کہا کہ کھوکھر برادران اتنے طاقتور لوگ ہیں کہ جو لوگ ان کے خلاف بات کرتے ہیں، اُنہیں مروا دیتے ہیں۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ افضل کھوکھر پر ایک شہری کی اراضی پر قبضہ کا تھانہ نواب ٹاﺅن میں مقدمہ درج ہے  جس پر عدالت نے پولیس کو رکن قومی اسمبلی کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔

افضل کھوکھر نے عدالت سے استدعا کی کہ عبوری ضمانت کرانے کیلئے وقت دیا جائے، چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ اب کوئی وقت نہیں ملے گا۔

مزیدخبریں