عوامی تحریک آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی کزنز آج سر جوڑیں گے

25 Dec, 2017 | 06:45 PM

قذافی بٹ

(سٹی42) سانحہ ماڈل ٹاون پر وزیراعلی پنجاب اور وزیر قانون کے استعفے کا معاملہ، عوامی تحریک آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی کزنز آج سر جوڑیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سےشرکت کی یقین دہانی کرا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق تیس دسمبر کو ماڈل ٹاون میں ہونے والی اے پی سی میں شرکت کے لئے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سرگرم ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کے مرکزی قائدین کے ساتھ عوامی تحریک کے سربراہ خود رابطے میں ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے سیاسی کزن کل ماڈل ٹاون میں ان سے ملاقات کریں گے۔ سیاسی کزنز کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہوگی۔ جس میں وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر قانون کے استعفے اور اکتیس دسمبر کے بعد متفقہ لائحہ عمل اپنانے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

گزشتہ روز اے پی سی کو کامیاب بنانے کے لیے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈا ہور نے چودھری شجاعت سے ملاقات کی اور انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ جو کہ انہوں نے قبول کرلی۔ بڑی سیاسی مذہبی جماعتوں نے اے پی سی میں شرکت کنفرم کردی ہے۔ تحریک انصاف، پیپلزپارٹی کے وفود اے پی سی میں شرکت کریں گے۔ مسلم لیگ ق ،جماعت اسلامی مجلس وحدت المسلمین بھی اے پی سی میں شریک ہوں گی۔ عوامی مسلم لیگ، آل پاکستان مسلم لیگ، سنی اتحاد کونسل،پاک سرزمین پارٹی سمیت متعدد مذہبی جماعتوں کے وفود بھی اے پی سی میں شرکت کریں گے۔ تیس دسمبر کی اے پی سی میں سانحہ ماڈل ٹاون پر اکتیس دسمبر کی ڈیڈ لائن کے بعد کا لائحہ عمل دیاجائے گا۔

مزیدخبریں